روسی حکومت نے غیر ملکی شہریوں کی جانب سے شہریت کی درخواستوں سے متعلق قواعد و ضوابط نرم کردئیے

ماسکو(رم نیوز)روسی حکومت نے غیر ملکی شہریوں کی جانب سے شہریت کی درخواستوں سے متعلق قواعد و ضوابط نرم کردئیے۔روسی حکومت نے پاسپورٹ کی تصاویر میں خواتین کو سر پر سکارف اور حجاب پہننے کی اجازت دے دی جبکہ نئے قانون کا نفاذ آج سے ہوگا۔ دستاویز کے مطابق درخواست گزار سر ڈھانپ سکیں گی جو ان کے چہرے کے خدوخال کو غیر واضح نہ کریں۔

رپورٹ کے مطابق درخواست گزار خواتین اپنی ٹھوڑی کو مکمل یا جزوی طور پر چھپائیں تو ان کی تصاویر قبول نہیں کی جائیں گی۔ روسی شہریوں کو پہلے ہی پاسپورٹ کی درخواستوں کے علاوہ دیگر دستاویزات میں بھی حجاب کی اجازت ہے۔

ولادی میرپیوٹن حکومت کے تحت روسی شہری پاسپورٹ کی درخواستوں، ڈرائیونگ لائسنس، ورک پرمٹ اور پیٹنٹ کیلئے تصاویر میں حجاب پہن سکتی ہیں۔ماضی میں سوویت دور میں پاسپورٹ کی تصاویر میں درخواست گزاروں کو سر ڈھانپنے کی اجازت نہیں دی گئی تھی۔