ای سگریٹ استعمال کریں، تمباکو نوشی سے چھٹکارا پائیں

تمباکو نوشی پر کی گئی نئی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ سگریٹ نوشی چھوڑنے کے خواہشمند افراد ای سیگریٹ کے استعمال کے ذریعے تمباکو نوشی سے چھٹکارہ حاصل کر سکتے ہیں۔کنگز کالج آف لندن کی جانب سے شائع کی گئی ایک تحقیق کے مطابق روزانہ کی بنیاد پر ای سگریٹ کا استعمال تمباکو نوشی کی لت سے جان چھڑانے سمیت سگریٹ چھوڑنے کے لیے استعمال کیے جانے والے روایتی دیگر طریقے جیسے کہ ’ نیکوٹن ریپلیسمنٹ ‘ اور ادویات کے مقابلے میں زیادہ موثر بھی ثابت ہوتا ہے۔

تحقیق کے مطابق ای سگریٹ کو تقریباً 10 سال سے زائد عرصے سے استعمال کیا جا رہا ہے جبکہ اس کے استعمال سے تمباکو نوشی کی عادت ختم ہونے کی شرح متاثر کُن نہیں ہے مگر اس کے استعمال کے ذریعے تمباکو نوشی سے نجات حاصل کرنے کے خواہشمند افراد فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔کینسر سے متعلق کی گئی ایک تحقیق میں 1,155 رضاکاروں سے آن لائن فارم پُر کروائے گئے جن میں تمباکو نوشی کے عادی افراد بھی شامل تھے۔تحقیق کے نتائج میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ایک سال قبل روایتی سگریٹ چھوڑ کر ای سیگریٹ کا استعمال شروع کرنے والے رضاکار ایک سال کے دورانیے میں سگریٹ نوشی ہی چھوڑ چکے تھے۔2012ء سے 2017ء کے درمیان 5 مہم پر مشتمل جمع کیے گئے آن لائن ڈیٹا کے مطابق ای سگریٹ روایتی سگریٹ سے جان چھڑانے میں معاون ثابت ہوئی تھی۔