ہم مزید لاشیں، سکولوں پر بمباری نہیں دیکھ سکتے، غزہ میں جنگ بندی فوری اور انتہائی ضروری ہے:ملالہ یوسفزئی

اسلام آباد (رم نیوز) نوبل انعام یافتہ پاکستانی طالبہ ملالہ یوسفزئی کاکہنا ہے کہ ہم مزید لاشیں، سکولوں پر بم باری اور بھوک سے تڑپتے بچوں کو نہیں دیکھ سکتے، غزہ میں جنگ بندی فوری اور انتہائی ضروری ہے۔ا یک بیان میں ملالہ کا کہنا تھا کہ ہم مزید لاشیں، سکولوں پر بم باری اور بھوک سے تڑپتے بچوں کو نہیں دیکھ سکتے، غزہ میں جنگ بندی فوری اور انتہائی ضروری ہے۔

نوبل انعام یافتہ ملالہ کاکہناتھا کہ اسرائیلی حکومت کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کی کوشش کرنے والوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں، جنگی جرائم اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی پر اسرائیلی حکومت کی مذمت کرتی رہوں گی۔

ان کاکہنا تھا کہ گزشتہ 6 ماہ سے غزہ کے فلسطینیوں پر مظالم دیکھ کر شدید غصہ اور مایوسی ہے۔انہوں نے کہا کہ غزہ میں نصریہ اور الشفا اسپتال میں اجتماعی قبروں کی دریافت فلسطینیوں پر ظلم کا ایک اور باب ہے، نہیں معلوم فلسطینی یہ تکالیف کس طرح سہہ رہے ہیں۔ملالہ نے کہا کہ غزہ میں جنگ بندی کرانے، انسانی امداد کی فراہمی کے لیے عالمی رہنماؤں پر زور دیتے رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے لیڈرز پر زور ڈالنا چاہیے کہ غزہ میں جنگی جرائم رکوائیں اور ذمے داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لائیں۔ غزہ کے عوام سے یک جہتی کے لیے ان کیساتھ ہوں، ان کی آواز اور مطالبات سنے جانے چاہئیں۔