ششی تھرور کی ٹرمپ پر تنقید، امریکی صدر کو نااہل قرار دے دیا

نئی دہلی (رم نیوز)بھارتی کانگریس کے رکن پارلیمنٹ اور امور خارجہ کمیٹی کے چیئرمین ششی تھرور نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر سخت تنقید کرتے ہوئے انہیں ان کے عہدے کے لیے نااہل قرار دے دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ٹرمپ میں وہ صلاحیتیں موجود نہیں جو ایک عالمی طاقت کے سربراہ میں ہونی چاہئیں۔سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے ایک انٹرویو میں ششی تھرور نے صدر ٹرمپ کا نام لیے بغیر کہامیں نے جارج بش، باراک اوباما سمیت پانچ امریکی صدور سے ملاقات کی ہے، لیکن موجودہ صدر میں وہ خوبیاں نہیں جو ان صدور میں موجود تھیں۔

ششی تھرور نے مزید کہا کہ موجودہ امریکی صدر میں دانشمندی اور بین الاقوامی فہم کی کمی ہے، جو عالمی سیاست میں ایک لیڈر کے لیے نہایت اہم صفات ہیں۔ ان کے مطابق، امریکا کی موجودہ قیادت نے سفارتی محاذ پر کئی مواقع پر غیر ذمہ دارانہ طرزِ عمل اپنایا ہے، جس سے عالمی سطح پر امریکہ کے وقار کو نقصان پہنچا ہے۔سیاسی مبصرین ششی تھرور کے اس بیان کو بھارت میں بڑھتے ہوئے امریکا مخالف بیانیے اور ٹرمپ انتظامیہ کی متنازعہ عالمی پالیسیوں سے جوڑ رہے ہیں۔