کینیڈا کا قومی کھیل آئس ہاکی اب پاکستان میں۔۔۔پہلی مرتبہ خواتین کھلاڑیوں کی بھرپور شرکت

ہنزہ(رم نیوز)پاکستان میں 2016 میں متعارف ہونے والے آئس ہاکی کے مقابلوں میں پہلی مرتبہ خواتین کھلاڑی بھی حصہ لے رہی ہیں۔ان کھیلوں کا آغاز گلگت بلتستان کے علاقے ہنزہ سے ہوگیا ہے، جو 23 جنوری تک جاری رہیں گے۔قومی سطح کے ان مقابلوں میں شامل چار ٹیموں کی 50 طالبات کا تعلق ہنزہ اور چترال سے ہے۔نیشنل آئس ہاکی چیمپئن شپ کو پاکستان سپورٹس بورڈ کا تعاون حاصل ہے جبکہ مقامی سطح پر نجی اداروں جی ڈبلیو سی، بی ای سی اورجی بی آر ایس پی کی سرپرستی ہے۔

آئس ہاکی پاکستان میں ایئرفورس اور آرمی کی کوششوں سے ممکن ہوا ہے۔ماہرین کے مطابق اگر خواتین نے اس میں اچھی کارکردگی اور مستقل مزاجی دکھائی تو ان کے اولمپکس میں شامل ہونے کے امکانات کافی روشن ہیں۔غلکن میں منعقد ہونے والے آئس ہاکی کے مقابلوں میں چترال کی 13 طالبات بھی شامل ہیں، جو خراب موسم کے باوجود خطرناک پہاڑی راستوں پر کئی گھنٹوں کی مسافت طے کرکے خود کو کھیلوں کے میدان میں منوانے کا عزم لے کر آئی ہیں۔