بالو ں کی صحت کا راز آپ کی خوراک میں ہے!

آپ کیا کھاتے ہیں، کیا پیتے ہیں اس سے آپ کی صحت اور موڈ پر تو اثر پڑتا ہے ہی لیکن اس سے آپ کے بالوں کی صحت کا بھی گہرا تعلق ہے۔آپ نے اکثر بیوٹی ایکسپرٹس کو متناسب اور صحت مند خوراک کی گردان کرتے سنا ہوگا۔تو آئیں میں آپ کو بتاتی ہوں کہ کون سی غذاآپ کی بالوں کے صحت کے لیے اتنے ہی مفید ہیں جتنے باقی جسم کے لیے۔

پروٹین آپ کے بالوں کی پسندیدہ خوراک ہے۔پروٹین کی فراہمی کا سب سے بڑا ذریعہ دہی ہے۔ دہی کھانے سے بالوں میں خوبصورتی آتی ہے بلکہ بال گھنے اور چمکدار بھی ہوتے ہیں۔ پالک کو ہری سبزیوں کابادشاہ کیا جاتا ہے؟ پالک آئرن سے بھرپور ہوتی ہے۔ اور آئرن ہمارے بالوں کے سیلز کے لیے بہترین ہے۔ بالوں کے گرنے کی بڑی وجہ آئرن کی کمی ہے۔ اور ایک اچھی مقدار میں آئرن کا آپ کی خوراک کا حصہ ہونا، آپ کو بالوں کو مضبوطی بخشتا ہے۔اپنی روزمرہ خوراک میں پالک شامل کر کے آپ اپنے بالوں کی قدرتی مضبوطی واپس لا سکتے ہیں۔جب جب وٹامن سی کی بات کی جاتی ہے عام خیال یہ ہے کہ کینو میں وٹامن سی سب سے زیادہ ہے۔ لیکن امرود میں وٹامن سی کینو سے کہیں زیادہ ہے۔ ہے ناں کمال کی بات؟پتلے اور کمزور بالوں کے لیے امرود جادوئی کام کرتا ہے۔ اگر آپ اپنے پتلے اور کمزور بالوں کے لیے فکرمند ہیں تو امرود کو اپنی خوراک کا حصہ بنا لیں۔

اکثر آپ نے اپنے گھر میں سے کسی کو یہ کہتے ضرور سنا ہو گا کہ مجھے دالیں کھانا نہیں پسند لیکن اگر ان کو دالوں کے فائدے بتا دئیے جائیں تو یقینا وہ یہ بات کبھی نہیں کہیں گے۔ بالوں کو دو منہ ہو جانا ایک عام مسئلہ ہے۔ جس سے بال بے رونق بھی لگتے ہیں اور ایک خاص لمبائی سے آگے نہیں بڑھ پاتے۔ ایسے بالوں کے لیے دالیں ایک بہترین خوراک ہیں۔دالوں میں نہ صرف پروٹین ہوتا ہے بلکہ وٹامن بی اور آئرن کی بھی ایک مناسب مقدار موجو د ہے۔جو بالوں کے لیے انتہائی مفید ہے۔انڈے کے بارے مین بھی عام خیال یہ ہے کہ انڈہ پروٹین سے بھرپور ہے۔ لیکن ہم میں سے بیشتر افراد یہ نہیں جانتے کہ انڈہ وٹامن بی کا بہترین ذریعہ ہے۔ پروٹین اور وٹامن بی مل کر کرشماتی کام کرتے ہیں۔روزانہ کا ایک انڈہ اپنی خوراک کا حصہ بنالیں۔ چاہے تل لیں۔ ابال لیں یا آملیٹ بنالیں۔ بالوں میں واضح فرق محسوس کریں گے۔

بڑے بوڑھوں سے سنتے آئے ہیں کہ رکے مہینوں میں مچھلی کھانی چاہیے۔ ہم لوگ عمومی طور پہ سخت سردی میں مچھلی کھانا پسند کرتے ہیں۔ لیکن اگرر سے شروع ہونے والے مہینوں کا حساب رکھا جائے تو اس میں ستمبر سے لیکر اپریل تک کے مہینے شامل ہوتے ہیں۔جس میں مچھلی کھائی جا سکتی ہے۔ رب تعالی نے مچھلی میں اومیگا تھری فیٹی ایسڈ بھرپور مقدار میں رکھی ہے۔ جو بالوں کو لمبا،گھنا، چمکدار اور مضبوط بناتی ہے۔اس کے علاوہ بالوں کو ایک لمبے عرصے تک سیاہ رکھنے کے لیے بھی اومیگا تھری کی بھی بہت ضرورت ہوتی ہے۔ بیریزایک اور پھل جس میں وٹامن سی بھرپور ہے وہ ہے بیریز۔ کسی بھی طرح کی بیریز آپ کے جسم کو ایک دن میں درکار وٹامن سی کا 141 فیصد فراہم کرتی ہیں۔ ان کو اپنی روزمرہ خوراک کا حصہ بنائیں تاکہ اپنے بالوں کو ٹوٹنے اور گرنے سے بچا سکیں۔

آپ کے بال خشک ہیں اور جھڑ رہے ہیں؟ایسی صورت میں آپ کے بالوں کو شکر قندی کی ضرورت ہے۔ موسم سرما کا یہ شاندار پھل بیٹا کیروٹین اور وٹامن اے سے بھرپور ہے۔ اس کا استعمال آپ کے بالوں کے لیے نہایت مفید ہے۔دھوپ آپ کے بالوں کی دشمن ہے۔ اگر آپ کے بال ڈائریکٹ دھوپ میں ایکسپوز ہوتے ہیں تو ان کا بے جان ہو نا لازمی ہے۔ بادام میں قدرت نے وافر مقدار میں سیلینم رکھا ہے جو بالوں کو دھوپ سے پہنچنے والے نقصانات سے بچاتی ہے۔ویسے تو برازیلی بادام میں سیلینیم وافر مقدار میں موجود ہوتا ہے لیکن اگر وہ میسر نہ ہو تو عام بادام سے بھی فائدہ حاصل کیا جا سکتا ہے۔واضح رہےکہ یہ سب کھانے اسی صورت میں فائدہ مند ہوں گے جب تک آپ اپنے بالوں پہ تجربات کرنا بند نہیں کریں گے۔ اپنی روزمرہ زندگی میں ان کھانوں کا استعمال زیادہ سے زیادہ کریں تاکہ آپ کی بالوں کی فطری خوبصورتی اور چمک برقرار رہے۔