ناخن آپ کی صحت کے گواہ !

کیا آپ جانتے ہیں کہ آپ کے ناخنوں کا رنگ اور ساخت آپ کی اندرونی صحت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ کم از کم تیس کے قریب ایسی بیماریاں ہین جن کا اندازہ آپ کے ناخنوں کو دیکھ کر لگایا جا سکتا ہے۔ آئیے آپ کو اس بارے میں آگاہ کرتے ہیں تاکہ آپ کو اگر ناخنوں میں کوئی تبدیلی نظر آئے تو آپ ڈاکٹر سے رجوع کر سکیں۔

ناخنوں کا سخت اور کھردرا ہو جانا جس سے وہ بار بار ٹوٹتے ہیں جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ ہاتھ بار بار پانی میں سے گزرتے اور خشک ہوتے ہیں۔ گھریلو خواتین اس مسئلے سے اکثر دوچار رہتی ہیں۔ اس کا فوری حل تو ہاتھوں پہ موئسچرائزر اور گلوز کا استعمال ہے۔ لیکن پھر بھی اگر فرق نہ پڑے تو ڈاکٹر کو دکھائیں کیونکہ آئرن کی کمی اور ہائپر تھائیریڈازم بھی اس کی وجہ ہو سکتی ہے۔

اگر ناخنوں کے درمیانی حصے اند رکی جانب دبے ہوئے محسوس ہوں تو وہ جلد میں سوزش یا جوڑوں کے امراض کو ظاہر کرتاہے۔ اکثر ناخنوں پرلکیریں بھی واضح نظر آتی ہیں۔ جو کبھی لمبائی میں بڑھتی ہیں تو کبھی چوڑائی میں۔ لمبائی میں بڑھتی ہوئی لکیریں سٹریس کو ظاہر کرتی ہیں لیکن اگر یہ مستقل رہیں تو گردوں میں خرابی کو ظاہر کرتی ہیں جبکہ چوڑائی میں بننے والی لکیریں مناسب خوراک کی کمی کو ظاہر کرتی ہیں۔

ناخنوں پر سفید رنگ کے دھبے بھی عام نظر آتے ہیں۔ کہا جاتا ہے کہ یہ جسم میں کیلشیم اور زنک کی کمی کو ظاہر کرتے ہیں۔لیکن اگر ناخن دو رنگ کے معلوم ہوں تو جگر اور گردے کے مسائل کی طرف اشارہ کرتے ہیں۔ ناخنوں کا جلد سے الگ ہونا بھی ایک عام مسئلہ ہے۔ یعنی ناخن جلد کی سطح سے الگ ہونا شروع ہو جاتے ہیں۔ جو تھائیرائیڈ اور آٹو امیون ڈیزیزز کو ظاہر کرتا ہے۔ بعض اوقات ناخنوں کوکسی سخت کام میں استعمال کرنے سے ان کا چھلکا اترنا شروع ہو جاتا ہے۔ اور یہ تمام ناخنوں کے ساتھ اگر ہوتا ہے تو آپ آئرن کی کمی کے شکار ہیں۔جس کو متوازن خوراک سے ٹھیک کیا جا سکتا ہے۔واضح رہے انسانی جسم میں ناخن کی وہی حیثیت ہے جو جانور کے جسم میں پنجوں کی ہے۔ ناخن ایک خاص قسم کی پروٹین سے بنے ہیں جسے کیراٹین کہا جاتا ہے۔ جس سے ہمارے بال اور جلد بھی بنے ہیں۔