پاکستان اور روانڈا کا دوطرفہ تعاون میں توسیع پر اتفاق، مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط

اسلام آباد (رم نیوز) پاکستان اور روانڈا نے دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے اور مختلف شعبوں میں عملی تعاون بڑھانے پر اتفاق کر لیا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان باہمی شراکت کو مضبوط بنانے کے لیے متعدد مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔روانڈا کے وزیر خارجہ اولیور جین پیٹرک ندوہنگرے ان دنوں پاکستان کے سرکاری دورے پر ہیں۔ انہوں نے دفتر خارجہ میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ملاقات کی، جہاں دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب میں اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان روانڈا کے ساتھ دوستانہ اور تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دینا چاہتا ہے۔ ہم روانڈا کی ابھرتی معیشت کے ساتھ شراکت داری کے مواقع تلاش کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ٹیکسٹائل، چاول، فارماسیوٹیکل اور دیگر مصنوعات روانڈا کی مارکیٹ کے لیے موزوں ثابت ہو سکتی ہیں۔

روانڈا کے وزیر خارجہ نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان کا یہ ان کا پہلا دورہ ہے، اور یہاں ہونے والی ملاقاتیں انتہائی مثبت اور تعمیری رہی ہیں۔ہم پاکستان کے ساتھ تجارت، سرمایہ کاری اور تعلیمی تعاون کے میدان میں آگے بڑھنا چاہتے ہیں۔ پاکستان کے ساتھ اعلیٰ سطحی روابط کو مزید فروغ دیں گے۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک اقوام متحدہ کے امن مشن سمیت دیگر بین الاقوامی پلیٹ فارمز پر ایک دوسرے کی حمایت جاری رکھیں گے۔

ملاقات کے بعد دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبہ جات میں تعاون کو فروغ دینے کے لیے مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی۔ ان یادداشتوں کا مقصد باہمی تعاون کو باضابطہ فریم ورک میں لانا ہے۔

یہ روانڈا کے وزیر خارجہ کا پاکستان کا پہلا سرکاری دورہ ہے جو کہ دونوں ممالک کے درمیان سفارتی، تجارتی اور سیاسی تعلقات میں ایک نئے باب کا آغاز قرار دیا جا رہا ہے۔روانڈا کے وزیر خارجہ 21 سے 22 اپریل تک پاکستان کے دورے پر موجود ہیں، جہاں ان کی مختلف سرکاری و نجی شعبے سے وابستہ شخصیات سے ملاقاتیں متوقع ہیں۔