وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت ایپکس کمیٹی کا اجلاس۔۔۔۔منشیات سے بچوں کو محفوظ رکھنے کیلئے سکولوں کی نگرانی کا فیصلہ

کراچی (رم نیوز) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیرصدارت ایپکس کمیٹی کے 31 ویں اجلاس میں منشیات سے بچوں کو محفوظ رکھنے کے لیے سکولوں کی نگرانی کرنے کا فیصلہ کیاگیا ہے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ منشیات کے عادی افراد کی بحالی کے لیے ادارے قائم کیے جائیں، نارکوٹکس ڈپارٹمنٹ دیگر صوبوں اور وفاقی اداروں کے ساتھ مل کر آپریشن تیز کرے۔

اجلاس میں صوبائی وزیر ایکسائز، ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس شرجیل انعام میمن نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ وزیرداخلہ محسن نقوی کے ساتھ کوآرڈینیشن میں ہیں، منشیات کے کاروبار میں ایک نائیجیرین کو گرفتار کیا گیا، حیدرآباد میں کریک ڈاؤن میں 3 منشیات فروش مقابلے میں مارے گئے۔

شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ منشیات کے کاروبار سے متعلق 164 مقدمات درج کیے گئے اور 166 گرفتاریاں ہوئی ہیں، کریک ڈاؤن میں 4.3 کلو ہیروئن، 419.472 کلو چرس اور 1200 کلو بھنگ برآمد کی ہیں۔