سپریم کورٹ میں فیض آباد دھرنا نظرثانی کیس ۔۔۔سماعت شروع

اسلام آباد (رم نیوز) سپریم کورٹ آف پاکستان میں فیض آباد دھرنا نظرثانی کیس کی سماعت دوبارہ شروع ہوگئی۔چیف جسٹس آف پاکستان قاضی فائز عیسٰی کی سربراہی میں تین رکنی بنچ کیس کی سماعت کر رہا ہے، جسٹس عرفان سعادت خان اور جسٹس نعیم اختر افغان بھی بنچ کا حصہ ہیں۔

سماعت کے آغاز پر چیف جسٹس نے اٹارنی جنرل سے استفسار کیا کہ الیکشن کمیشن نے رپورٹ جمع کرائی ہے آپ نے وہ رپورٹ دیکھی ہے؟ جس پر اٹارنی جنرل نے بتایا کہ ابھی الیکشن کمیشن کی رپورٹ نہیں دیکھی۔

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ آپ تب تک رپورٹ کا جائزہ لے لیں، اس کیس کو آخر میں سنتے ہیں۔بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت میں وقفہ کر دیا۔وقفے کے بعد دوبارہ سماعت کا آغاز ہوا تو اٹارنی جنرل نے بتایا کہ دھرنا انکوائری کمیشن کے سربراہ بھی عدالت میں موجود ہیں، عدالت کا رپورٹ سے متعلق کوئی سوال ہو تو کمیشن کے سربراہ سے پوچھا جا سکتا ہے۔