رفح پراسرائیلی حملوں میں تیزی۔۔۔ جنگ بندی مذاکرات کیلئے حماس کا وفد آج قاہرہ جائے گا

قطر (رم نیوز) حماس کا وفد غزہ میں جنگ بندی مذاکرات کے لیے آج قاہرہ کا دورہ کرے گا۔ رات گئے جاری فضائی حملوں میں 22 فلسطینی شہید ہوگئے۔خبر رساں ادارے اور قطری نشریاتی ادارے کے مطابق حماس کے ایک عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ وفد حماس کی طرف سے قطر اور مصر کے ثالثوں کو دی گئی جنگ بندی کی تجویز پر بات کرے گا اور اس پر اسرائیل کے ردعمل پر بھی بات کرے گا۔

گزشتہ روز حماس کے سینئر عہدیدار خلیل الحیا نے کہا تھا کہ حماس کو جنگ بندی کی تجویز پر اسرائیل کا جواب موصول ہوا ہے اور وہ مصری اور قطری ثالثوں کو اپنا جواب دینے سے پہلے اس کا جائزہ کررہا ہے۔مذاکرات کے پہلے دور میں دونوں فریقوں کے موقف میں پائے جانے والے اختلافات ختم نہیں ہوئے تھے۔