سعودی عرب، دبئی، شارجہ اور دیگر ریاستوں میں موسلا دھار بارشیں، نظام زندگی درہم برہم

شارجہ(رم نیوز) سعودی عرب، دبئی، شارجہ اور دیگر ریاستوں میں موسلادھار بارشوں نے نظام زندگی درہم برہم کر دیا ہے۔ امارات کی ریاست دبئی، ابوظہبی اور راس الخیمہ میں موسلادھار بارشوں کی وجہ سے تعلیمی اداروں اور متعدد دفاتر میں دو دن کی چھٹیاں کر دی گئی ہیں،گھروں سے کام کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

دبئی پولیس کی جانب سے پبلک سیفٹی الرٹ بھی جاری کیا گیا ہے، پولیس نے شہریوں کو محتاط رہنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔دوسری جانب سعودی عرب سمیت ابوظہبی اور دبئی کے شہری علاقوں کے علاوہ طوفانی بارشوں سے صحرائی وادیاں پانی سے بھر گئی ہیں۔ریاض، الخرج، القصیم، بریدہ، دمام،الخبر، الاحساء،الجبیل اور دیگر علاقوں میں تیز بارشوں سے شہروں کی اہم شاہراہیں اور انڈر پاسز میں پانی بھرگیا جب کہ گاڑیاں پانی میں بہہ گئیں۔

سعودی عرب کے شہروں دمام اور الخبر میں بارش کے کی وجہ سے بلدیہ نے تمام انڈر پاس اور پل بند کردیے جب کہ عوام کو گھروں میں رہنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ بارشوں کی وجہ سے ییلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔