اقوام متحدہ میں جنگ بندی کی قرارداد کے باوجود اسرائیلی حملے جاری

غزہ (رم نیوز)اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں فوری جنگ بندی کی قرارداد منظور ہونے کے باوجود غزہ میں جاری اسرائیل - حماس تنازع میں کوئی کمی نہیں آئی۔ اسرائیلی فوجیوں کی غزہ پٹی میں کارروائیاں جاری ہیں۔گزشتہ روز اسرائیل کے قریبی اتحادی امریکا کی عدم شرکت کے بعد قرارداد منظور کی گئی۔یہ قرارداد مسلمانوں کے مقدس مہینے رمضان کے لیے فوری جنگ بندی کا مطالبہ کرتی ہے، جس کے نتیجے میں دیرپا جنگ بندی ہو سکتی ہے۔واضح رہے کہ غزہ میں جنگ شروع ہونے کے بعد سے یہ پہلی قرارداد ہے جس میں لڑائی کو فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

دوسری جانب واشنگٹن نے اصرار کیا کہ متعدد قراردادوں کو ویٹو کرنے کے بعد امریکہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد میں عدم شرکت اس کی پالیسی میں تبدیلی کی نشاندہی نہیں کرتی ہے حالانکہ امریکہ نے حالیہ ہفتوں میں اسرائیل کے ساتھ سخت رویہ اختیار کیا ہے۔

اسرائیل نے کہا کہ ووٹنگ میں امریکہ کی عدم شرکت نے اسرائیل کی جنگی کوششوں اور یرغمالیوں کی رہائی کی کاوشوں دونوں کو متاثر کیا ہے جبکہ اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کے دفتر نے اسے امریکہ کی اپنی مستقل پوزیشن سے پیچھے ہٹنا قرار دیا۔