کون سا شہر سستا اور کون سا مہنگا؟۔۔۔جان کر حیران رہ جائیں گے؟

لاہور(رم نیوز)دی اکانومسٹ انٹیلی جنس یونٹ کے سالانہ سروے کے مطابق امریکہ کا شہر نیو یارک اور سنگاپور دنیا کے سب سے مہنگے شہر ہیں۔پاکستان کا شہر کراچی دنیا کاسب سے سستا شہرہے۔

نیو یارک پہلی بار اس فہرست میں پہلے نمبر پر آیا ہے جبکہ گذشتہ برس اسرائیل کا شہر تل ابیب پہلے نمبر پر تھا ۔وہ اب تیسرے نمبر پرہے۔

اس سروے کے مطابق رواں سال دنیا کے بڑے شہروں میں رہائش کا خرچ اوسطا 8.1 فیصد تک بڑھ گیا ہے۔ اس کی وجوہات میں مہنگائی کے علاوہ یوکرین اور روس کے درمیان جنگ اور کورونا وبا بھی ہے۔مہنگائی کی اس لہر سے ترکی کاشہر استنبول سب سے زیادہ متاثر ہوا ،وہاں قیمتوں میں 86 فیصد تک اضافہ ہوا ہے ۔ بیونس آئرس میں 64 فیصد تک، تہران میں افراط زر میں 57 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

امریکہ میں بھی افراط زر میں اضافہ ہواہے۔ یہی وجہ ہے کہ اس سال نیو یارک نے مہنگے شہروں کی فہرست میں ترقی کی ہے۔امریکہ کے شہر لاس اینجلس اور سان فرانسسکو بھی دنیا کے مہنگے ترین شہروں کی لسٹ میں پہلے 10 شہروں میںہیں۔ رواں سال کے آغاز پر امریکہ میں مہنگائی کی شرح 40 سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی تھی۔

اس سال کی فہرست میں امریکی شہروں کی ترقی میں ایک اور وجہ ڈالر کی قدر میں اضافہ بھی ہے۔ دوسری طرف یوکرین پر روس کے حملے کے بعد مغربی پابندیوں کی وجہ سے روسی شہروں نے بھی مہنگے شہروں کی فہرست میں ترقی کی ۔ماسکو اور سینٹ پیٹرز برگ 88 اور 70ویں نمبر سے 37ویں اور 73ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔

دی اکانومسٹ انٹیلی جنس یونٹ کے سروے میں دنیا کے 172 شہروں کا موازنہ کیا گیا ۔ تاہم اس بار یوکرین کے شہر کیئو کو اس سروے میں شامل نہیں کیا گیاہے۔یوکرین جنگ اور روس پر مغرب کی پابندیوں کے ساتھ چین کی زیرو کورونا پالیسی نے عالمی رسد کی فراہمی میں مسائل پیدا کیے۔اس کے ساتھ ایکسچینج ریٹ میں اتار چڑھاؤ ، شرح سود میں اضافے کی وجہ سے دنیا بھر میں مہنگائی میں اضافہ ہوا ہے۔

مہنگے شہروں میں1۔ نیو یارک 2سنگا پور،3۔ تل ابیب۔4۔ ہانگ کانگ، 5لاس اینجلس،6۔ زیورخ،7۔ جینیوا۔8۔ سان فرانسسکو۔9۔ پیرس۔10۔ کوپن ہیگن شامل ہیں۔

دنیا کے سب سے سستے شہروں میں161۔ بنگلور (انڈیا) 161۔ چنئی (انڈیا)،165۔ احمد آباد،166۔ الماتے،167۔ کراچی،168۔ تاشقند،169۔ تیونس۔170۔ تہران۔171۔ طرابلس،172۔ دمشق شامل ہیں۔