کیا20 کروڑ سے زائد ٹویٹر صارفین کے ای میل ایڈریس چوری ہوگئے ؟۔۔۔ہیکرز کا بڑا انکشاف۔۔۔ٹویٹر کا کیا رد عمل ہے؟

کیلیفورنیا(رم نیوز)ہیکرز کی طرف سے 20 کروڑ سے زائد ٹویٹر صارفین کے ای میل ایڈریس چرانے اور انہیں ایک آن لائن ہیکنگ فورم پر پوسٹ کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔اسرائیل کی سائبرسکیورٹی مانیٹرنگ فرم کے شریک بانی ایلون گال نےکاکہنا ہےکہ یہ خلاف ورزی بدقسمتی سے بہت ساری ہیکنگ، ٹارگٹ فشنگ اور ڈوکسنگ کا باعث بنے گی۔ٹویٹر نے اس رپورٹ پر کوئی تبصرہ نہیں کیا جس کے بارے میں ایلون گال نے پہلی بار 24 دسمبر کو سوشل میڈیا پر پوسٹ کیا تھا اور نہ ہی اس بارے میں پوچھ گچھ کا جواب دیا تھا۔یہ واضح نہیں کہ ٹویٹر نے اس معاملے کی تحقیقات یا تدارک کے لیے کیا کارروائی کی ہے۔

واضح رہے کہ دسمبر 2022 میں ایک ڈیٹا ہیکر کی جانب سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ اس کے پاس ٹویٹر کے 400 ملین صارفین کا ڈیٹا موجود ہے۔ ہیکر یا ہیکرز کی شناخت یا مقام کا کوئی سراغ نہیں ملاہے۔ ہوسکتا ہے کہ یہ ہیکنگ ایلون مسک کے پچھلے سال کمپنی کی ملکیت سنبھالنے سے پہلے 2021 کے اوائل میں ہوئی ہو۔