آہ۔۔۔ماجد جہانگیر۔۔۔

لاہور،کراچی(رم نیوز)پاکستان کے کامیڈین ماجد جہانگیرلاہور میں انتقال کر گئے ۔ وہ کافی عرصے سے فالج کے مرض کے شکار تھے اور زیر علاج تھے۔بیڈ سے گرنے سے ان کی ریڑھ کی ہڈی فریکچر ہوگئی تھی، انہیں سانس کا مرض بھی تھا جو شدت اختیار کر تا گیا۔ معروف اداکار ماجد جہانگیر نے 80 کی دہائی میں ڈراما سیریز ففٹی ففٹی سے شہرت پائی تھی۔

انہوں نے کیریئر کا آغاز شو’سات رنگ‘‘ سے کیا ۔1979ء میں انہوں نے پی ٹی وی کے مزاحیہ شو ففٹی ففٹی میں اسماعیل تارا ، زیبا شہناز ، بشریٰ انصاری ، اور اشرف خان کے ساتھ اداکاری کے جوہر دکھائے۔’ففٹی ففٹی ‘‘ میں ان کی بہترین کارکردگی پر صدر پاکستان کی طرف سے پرائڈ آف پرفارمنس ایوارڈ سے نوازا گیا۔ انہوں نے ٹی وی پر 22 سال کام کیا اور 4 فلموں میں اداکاری بھی کی۔ان کی تدفین کراچی میں ہوگی۔