پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان تیسرے ون ڈے کاآخری معرکہ کل ہوگا۔ سیریز ایک ایک سے برابر ہے۔ کل کا میچ بہت اہمیت کا حامل ہے اور دونوں ٹیمیں ایک دوسرے کو زیر کرنے اور برتری کی خواہاں ہیں اور بھرپور تیاری کررہی ہیں۔
نیوزی لینڈ نے پاکستان کو دوسرے ون ڈے میں 79 رنز سے شکست دی تھی۔نیوزی لینڈ کے 262 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی پوری ٹیم 43 اوورز میں 182 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی۔ کپتان بابر اعظم 79 رنز بناکر نمایاں بیٹسمین تھے۔ محمد رضوان 28 ، آغا سلمان 25 ، حارث سہیل 10 ،اسامہ میر 12 ، محمد وسیم 10 ، امام الحق 6 اور محمد نواز نے 3 رنز بنائے، فخرزمان اور حارث رؤف صفر پر آؤٹ ہوئے ۔نیوزی لینڈ کی طرف سے ٹم ساؤدھی اور ایش سوڈھی نے 2،2 جبکہ فرگوسن،سینٹنر، بریسویل اور فلپس نے ایک ،ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیاتھا۔
نیوزی لینڈ کی طرف سے ڈیون کونوے 101 اور کین ولیم سن نے85 رنزکی اننگز کھیلی تھی۔پاکستان کی طرف سے محمد نواز نے 38 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیاتھا جبکہ نسیم شاہ نے 3 وکٹیں حاصل کیں، حارث رؤف اور اسامہ میر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان نے پہلے ون ڈے میں نیوزی لینڈکو 6 وکٹوں سے شکست دیکر 3 میچز کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کی تھی۔ گرین شرٹس نے کیویز کی طرف سے 256 رنز کا ہدف 49 ویں اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان حاصل کرلیا تھااور یوں 6 وکٹوں سے شکست دی تھی۔