’’خصوصی افراد کو سرکاری اداروں میں ملازمت دینا صدقہ خیرات نہیں بلکہ آئینی حق ہے‘‘

اسلام آباد(رم نیوز) سپریم کورٹ آف پاکستان نے تمام سرکاری اداروں میں خصوصی افراد کے لیے مختص کوٹے پر فوری عملدرآمد کا حکم دے دیاہے۔عدالت عظمیٰ کے جسٹس منصور علی شاہ نے خصوصی افراد کے لیے مختص کوٹے کے کیس کا تفصیلی فیصلہ جاری کیا ہے۔ جس میں عدالت نے خصوصی کوٹے پر عملدرآمد کا حکم نامہ تمام سرکاری اداروں کو ارسال کرنے اور اس پر عمل کرنے کا حکم دے دیاہے۔سپریم کورٹ نے کہا خصوصی افراد کو سرکاری اداروں میں ملازمت دینا صدقہ خیرات نہیں بلکہ ان کا آئینی حق ہے۔

پاکستان میں خصوصی افراد کی تعداد 33 لاکھ سے 2 کروڑ تک ہے، اس حقیقت کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتاہے۔عدالت نے نیب کو خصوصی افراد کےلیے 3 فی صد کوٹے پرفوری تقرری کا حکم دیتے ہوئے کہا تمام سرکاری اور نجی ادارے خصوصی افراد کے لیے احساس پیدا کریں۔ خصوصی افراد کے تمام قانونی اور آئینی حقوق کا مکمل خیال رکھا جائے، معاشرے کی ترقی میں خصوصی افراد کا بھی اتنا ہی کردار ہے جتنا عام آدمی کاہے۔