سیاست سے بات آگے نکل گئی؟،ملک کس طرف جارہا ہے؟۔۔۔ شیخ رشید کی بڑی پیش گوئی؟

اسلام آباد(رم نیوز)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے پنجاب میں بغیر ڈولی کے سیاسی دلہنیں آ گئی ہیں، محسن نقوی آصف زرداری کےفرنٹ مین ہیں،عوامی مسلم لیگ عدالت سے رجوع کرےگی۔ملک میں تباہی ہی تباہی ہے اور حکومت بھگوڑی ہے، ملک کو بچانے کے لیے عوام سڑکوں پر آئیں۔حکومت کو معلوم نہیں کہ زمین کتنی گرم ہورہی ہے، سیاست سے بات آگے نکل گئی ہے، ملک خانہ جنگی کی طرف جا رہا ہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ برطانیہ میں لوگ پاکستانیوں کے لئے فکر مند ہیں۔ ملک میں معاشی، اقتصادی اور سماجی تباہی ہے اور تباہی ہی تباہی ہے اور حکومت بھگوڑی ہے۔یہ ٹارزن بنے پھرتے ہیں اب الیکشن سے بھاگ رہے ہیں، کل لال حویلی سے خطاب کروں گا۔ 13 جماعتوں کو معلوم ہے ہماری الیکشن میں سیاسی موت ہے۔ ایک ہی حل ہے کہ ملک کو بچانے کیلئے 24 کروڑ لوگ سڑکوں پر آئیں،ایسا نہیں ہوسکتا کہ 24 کروڑ کا ملک دربدر ہو رہا ہو اور اس کا کوئی پرسان حال نہ ہو، ملک میں معاشی تباہی ہے ریزرو 4 بلین سے بھی نیچے چلے گئے ہیں۔ ملک میں ایک ہو کا عالم ہے، گھمبیر اور نہایت ہی خوفناک حالات ہیں۔