شیخ رشید کی درخواست ضمانت بعد از گرفتاری ۔۔۔۔ فیصلہ محفوظ کرلیاگیا

اسلام آباد(رم نیوز)سیشن عدالت نے سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کی درخواست ضمانت بعد از گرفتاری پر فیصلہ محفوظ کرلیا ۔ سماعت کے دوران مدعی مقدمہ کے وکیل نے استدعا کی کہ عمران خان کو بھی شامل تفتیش کر لیا جائے۔سماعت کے دوران پراسیکیوٹرنے درخواست کی مخالفت کرتے ہوئے کہا شیخ رشید نے اپنا جرم بار بار دہرایا ہے، اس کی سزا 7 سال تک ہے، ایسے اشتعال انگیز بیانات پرعالمی جنگ کے دوران ایک شہزادے کا قتل ہوا تھا۔سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست پر سماعت ایڈیشنل سیشن جج طاہر عباس سپرا نے کی۔ دوران سماعت پراسیکیوٹرعدنان نے دلائل دیئے عمران خان اور آصف علی زرداری دونوں بڑی سیاسی جماعتوں کے لیڈرہیں۔ شیخ رشید کا یہ کہنا آصف علی زرداری عمران خان کو مروانا چاہتے ہیں کوئی چھوٹی بات نہیں ہے۔

جج نے استفسار کیا دفعات کے مطابق شیخ رشید کے بیان کا اثر پوری قوم پر ہے۔ ٹرانسکرپٹ میں کہاں لکھا ہوا ہے کہ عمران خان نے شیخ رشید کو قتل کی سازش کے حوالے سے بتایا؟ اس سٹیج پر صرف پولیس ریکارڈ کے مطابق فیصلہ کرنا ہے۔شیخ رشید کے وکیل نے دلائل دیئے شیخ رشید کہتے ہیں عمران خان کا فالوور ہوں تو ان پر یقین رکھتا ہوں۔ شیخ رشید پر صرف ہتک عزت کا مقدمہ درج ہوسکتا ہے، مقدمے کے مدعی کے وکیل نے بھی ضمانت کی مخالفت کرتے ہوئے کہا شیخ رشید دونوں سیاسی جماعتوں کے درمیان اشتعال پیدا کررہے ہیں۔ عدالت نے دلائل سننے کے بعد شیخ رشید کی طرف سے ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیاہے۔