’’عوام نے پانچ سال کیلئے منتخب کیا ، پی ٹی آئی پارلیمنٹ میں اپنا کردار ادا کرے‘‘

اسلام آباد(رم نیوز)سپریم کورٹ میں پی ٹی آئی اراکین کے قومی اسمبلی سے مرحلہ وار استعفوں کی منظوری کے خلاف کیس کی سماعت دو رکنی بینچ نے کی۔عدالت نے پی ٹی آئی کو مرحلہ وار استعفوں کی منظوری کے خلاف اکیس تیار کرنے کا ایک اور موقع دیاہے۔عدالت نے کہاکہ ہائیکورٹ کے حکم میں واضح کہا گیا سپیکر کے مرحلہ وار استعفوں کی منظوری کی قانونی حیثیت ہے۔بظاہر سپیکر کے اختیار میں مداخلت سے آرٹیکل 69 متاثر ہو سکتا ہے۔عدالت کو مطمئن کریں کہ ہائیکورٹ کے حکم میں کیا کمی ہے؟۔سپریم کورٹ نے ایک بار پھر پی ٹی آئی کو اسمبلی میں واپسی کا مشورہ دیا ہے۔

چیف جسٹس عمر عطابندیا ل نے ریمارکس دیئے کہ عوام نے پانچ سال کیلئے منتخب کیا ہے، پی ٹی آئی پارلیمنٹ میں اپنا کردار ادا کرے۔پارلیمان میں کردار ادا کرنا ہی اصل فریضہ ہے۔لوگ سیلاب سے بے گھر ہوچکے ہیں، ان کے پاس پینے کا پانی ہے نہ کھانے کو روٹی ہے۔بیرون ملک سے لوگ متاثرین کی مدد کیلئے آ رہے ہیں، ملک کی معاشی حالت بھی دیکھیں۔پی ٹی آئی کو اندازہ ہے 123 نشستوں پر ضمنی انتخابات کے کیا اخراجات ہونگے؟ ۔جسٹس اطہر من اللہ نے گہرائی سے قانون کا جائزہ لیکر فیصلہ دیا ہے۔سپیکر کے کام میں اس قسم کی مداخلت عدالت کیلئے کافی مشکل کام ہے۔