اسلام آباد(رم نیوز) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے خاتون جج کو دھمکی دینے کے کیس میں عمران خان کے وارنٹ گرفتاری معطلی میں 20 مارچ تک توسیع کردی ہے۔ 20 مارچ کو متعلقہ عدالت میں عمران خان کو پیش ہونے کا حکم دیاگیا ہے۔ایڈیشنل سیشن جج فیضان حیدر گیلانی کی عدالت میں پراسیکیوٹر رضوان عباسی پیش ہوئے ۔انہوں نے عمران خان کی وارنٹ منسوخی کی درخواست کی مخالفت کی ۔
دلائل دیے کہ عمران خان کی غیر موجودگی میں ناقابل ضمانت وارنٹ منسوخ نہیں ہو سکتے، غیر موجودگی میں ناقابلِ ضمانت وارنٹ منسوخ کیے تو دیگر ملزمان کو بھی یہ فائدہ دیا جائے گا، وارنٹ گرفتاری عمل میں لانے کے لیے پولیس پہنچی اور ان پرپیٹرول بم پھینکا گیا،پولیس پر پی ٹی آئی کے کارکنان نے تشدد کیا، عمران خان کی ضمانت بھی واپس لینی چاہیے۔
سپیشل پراسیکیوٹر نے وارنٹ کی منسوخی کی درخواست اور وکالت نامے پر دستخط پر بھی اعتراض کرتے ہوئے کہا عدالت وکالت نامے پر دستخط نادرا سے کراس چیک کروا لے، مسلسل عدم حاضری پر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے۔ عمران خان کچہری نہیں گئے،ان کی طرف سے طبی بنیادوں پر متعدد بار استثنی لیا گیا۔پراسیکیوٹر نے کہا عمران خان عدالتوں میں پیش ہونے کی بجائے ریلی کی قیادت کرتے رہے۔