اسد عمر نے معاملہ سپریم کورٹ میں اٹھاتے ہوئے چیف جسٹس عمر عطا بندیال کو خط لکھ دیا۔۔۔خط میںکیا مطالبہ کیاگیا؟

اسلام آباد(رم نیوز) پی ٹی آئی رہنما اسد عمر نے معاملہ سپریم کورٹ میں اٹھاتے ہوئے چیف جسٹس عمر عطا بندیال کو خط لکھا ہے۔خط کے متن میں کہا گیا ہے پی ڈی ایم حکومت عمران خان کو نشان انتقام بنانا چاہتی ہے،عمران خان عدالت میں پیشی کے لئے اسلام آباد آ رہے ہیں۔

خط کے مطابق عدالتی احکامات کی تعظیم میں عمران خان لاہور سے اسلام آباد کیلئے روانہ ہوئے۔عمران خان نے کل لاہور ہائیکورٹ سے9 مقدمات میں ضمانت حاصل کی۔معزز عدالت عالیہ نے عمران خان کے خلاف انتقامی کارروائیوں سے منع کیاتھا۔ پولیس نے عدالتی احکامات کو روندتے ہوئے عمران خان کی رہائش گاہ پر دھاوا بولا۔ رہائش گاہ پر حملے کے دوران گھر کے دروازے توڑے گئے ، دیواریں منہدم کر دی گئیں۔ اسد عمر نے چیف جسٹس آف پاکستان سے استدعا کی چیئرمین پی ٹی آئی کی زندگی اور بنیادی حقوق کے تحفظ کے لئے عدالت از خود نوٹس لے۔