’’میں بھی غلطی کروں اور آپ بھی،کیا فرق رہ جائے گا۔۔‘‘

اسلام آباد(رم نیوز)پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی درج مقدمات کی تفصیلات فراہمی کی درخواست پر چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیتے ہوئے کہ ہفتے کو بھی کچھ مناسب بات نہیں ہوئی، میں بھی غلطی کروں اور آپ بھی ،پھر کیا فرق رہ جائے گا۔ عمران خان کی درج مقدمات کی تفصیلات فراہمی کی درخواست پر سماعت ہوئی۔عمران خان کے وکیل فیصل چودھری عدالت میں پیش ہوئے۔ سماعت کے دوران سماعت جوڈیشل کمپلیکس پیشی کا ذکرہوا۔ وکیل فیصل چودھری نے کہامیرا داخلہ جوڈیشل کمپلیکس میں بند ہو گیاپھر آپ کے پاس آگیا۔اسلام آباد میں آپ کے علاوہ اور کوئی جگہ نہیں ہے،چیف جسٹس عامر فاروق نے کہاہفتے کو بھی کچھ مناسب بات نہیں ہوئی، میں بھی غلطی کروں اور آپ بھی ،پھر کیا فرق رہ جائے گا۔

وکیل فیصل چودھری نے کہاہمارے پاس عدالتوں کے علاوہ اور کوئی جگہ نہیں ۔پولیس نے کچھ خفیہ ایف آئی آر رکھی ہوئی ہیں۔چیف جسٹس ہائیکورٹ نے کہا ایف آئی آر سیل نہیں ہوتی ہے ۔ایف آئی آر پبلک دستاویزات ہے وہ سیل نہیں ہو سکتی، پولیس تحقیقات کیلئے بلا لیتی ہے۔

وکیل فیصل چودھری نے کہا آپ اسلام آباد کی حد تک تمام مقدمات کی تفصیلات حکم دے دیں۔چیف جسٹس ہائیکورٹ نے کہاکیا آپ نے اعظم سواتی والی ججمنٹ پڑھی،کوئی ایسا قانون نہیں کہ بتایا جائے کسی شخص کے خلاف مقدمہ ہے۔اعظم سواتی کیخلاف بھی مقدمات پورے پاکستان میں ہیں ۔عدالت نے کیس کی سماعت27 مارچ تک ملتوی کر دی اور جواب طلب کیا ہے۔عدالت نے اسلام آباد کی حد تک تمام مقدمات کا ریکارڈ طلب کیا ہے۔