فاتح لکشمی پور۔۔۔میجر طفیل محمد شہید کا65 واں یوم شہادت

اسلام آباد(رم نیوز)پاک سرزمین کیلئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کرنے والے میجر طفیل محمد شہید نشان حیدر کا65 واں یوم شہادت ہے۔ پاک فوج کی طرف سے دوسرا نشان حیدر حاصل کرنیوالے میجر طفیل محمد شہید نشان حیدر کو فاتح لکشمی پور کے طور پر جانا جاتا ہے۔

میجر طفیل محمد 22 جون 1914 کو انڈین پنجاب کے علاقے ہوشیار پور میں پیدا ہوئے۔انہوں نے ڈی اے وی کالج جالندھر سے تعلیم حاصل کی، 1941 میں انڈین ملٹری اکیڈمی ڈیرہ دھون سے کمیشن حاصل کیا۔وہ 1947 میں آزادی کے بعد پاک فوج کی پنجاب رجمنٹ میں شامل ہوگئے، 1954 میں مشرقی پاکستان میں ایسٹ پاکستان رائفلز میں بطور انسٹرکٹر اہم ذمہ داری سونپی گئی۔

میجر طفیل محمد کو 7 اگست 1958 میں لکشمی پور میں گھسنے والی بھارتی فوج کے خلاف کارروائی کا حکم ملا، انہوں نے دشمن کی چوکی پر جوانمردی سے حملہ کیا، دشمن کی گولیوں کا سامنا کرتے ہوئے وہ شدید زخمی ہونے کے باوجود آگے بڑھتے رہے۔

انہوں نے دستی بم پھینک کر اپنے جوانوں کو شدید نقصان پہنچانے والی دشمن کی مشین گن کو ناکارہ بنادیا، مادرِ وطن کا یہ جری بیٹا دشمن کے سامنے چند گز کے فاصلے پر بہادری سے سیسہ پلائی دیوار بنا رہا۔میجر طفیل محمد شہید کی لازوال قربانی کے اعتراف میں انہیں پاکستان کے اعلیٰ ترین فوجی اعزاز نشانِ حیدرسے نوازا گیا، میجر طفیل محمد کو فاتح لکشمی پور بھی کہا جاتا ہے، ان کا مزار بورے والا کے نواحی گاؤں طفیل آباد میں ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس نے میجر طفیل محمد شہید کو ان کے 65 ویں یوم شہادت پر شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا مزید کہنا تھا کہ ان کی شہادت ہمیں وطن عزیز کے دفاع کیلئے دی گئی پاک فوج کی غیر معمولی قربانیوں کی یاد دلاتی ہے، قوم کو اپنے ان بہادر سپوتوں پر فخر ہے۔