کوئٹہ (رم نیوز) پا کستان کے رقبے کے لحاظ سے سب سے بڑے صوبے بلوچستان میں پہلی خاتون ایس ایس پی فریال فرید نے اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا ہے۔
فریال فرید اپنے دفتر پہنچیں تو پولیس کے چاق وچوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی۔ فریال فرید کا تعلق خیبربختونخواہ کے علاقے ہری پور سے ہے اور ان کی بیشتر سروس پنجاب میں گزری ہے۔
ایس ایس پی جعفرآباد فریال فرید نے آفس پہنچتے ہی ضلع بھر کے پولیس آفیسرز اور اہلکاروں کی میٹنگ طلب کی۔ جعفرآباد سندھ اور بلوچستان کا سرحدی علاقہ ہے جہاں قومی شاہراہ کے مسائل سمیت امن و امان کو برقرار رکھنا ہمیشہ سے ایک چیلنج رہا ہے۔ہری پور سے تعلق رکھنے والی فریال فرید کے شوہر ڈاکٹر سمیع ملک بھی بلوچستان میں ہی ضلع نصیرآباد کے ایس ایس پی کے طور پر تعینات ہیں۔
فریال فرید نے 44 کامن ٹریننگ پروگرام میں تربیت حاصل کی جبکہ دوران تربیت اپنی صلاحیتوں کے بھرپور مظاہرے پر اعزازی شمشیر حاصل کی۔فریال فرید اسلام آباد پولیس کے لیے بھی اپنی خدمات دے چکی ہیں جبکہ وزیراعظم ہاؤس میں سکیورٹی کے فرائض سرانجام دے چکی ہیں۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان کی پولیس سروس میں ابھی تک صرف دو فیصد خواتین بھرتی ہیں۔ تاہم اب خواتین کا رجحان بڑھ رہا ہے۔