سابق امریکی سفیر رچرڈ اولسن کو 3 برس قید ۔۔۔۔93 ہزار 4 سو ڈالر جرمانہ بھی عائد

واشنگٹن(رم نیوز)پاکستان میں امریکہ کے سابق سفیر رچرڈ اولسن کو اخلاقیات سے متعلق قوانین کی خلاف ورزی پر تین برس کی سزا سنادی گئی ہے۔غیرملکی میڈیا کے مطابق سابق سفیر رچرڈ اولسن پر 93 ہزار 4 سو ڈالر جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔رچرڈ اولسن نے ذاتی مفادات حاصل کرنے کے لیے عہدے کا غلط استعمال کرنے کا اعتراف جرم کرلیا تھا۔

سماعت کے موقع پر رچرڈ اولسن نے کہا کہ انہوں نے غلطیاں کی ہیں اور اس کے سنگین نتائج بھی نکلے ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ان پر الزام تھا کہ انہوں نے امریکی پالیسی سازوں پر اثرانداز ہونے کیلئے قطر حکومت کی مدد کی اور اپنی غیرقانونی سرگرمیوں کی پردہ پوشی کیلئے کئی اقدامات کیے۔

میڈیا کے مطابق ایسے اقدامات میں اہم ای میلز ڈیلیٹ کرنا اور انٹرویو کے دوران ایف بی آئی سے جھوٹ بولنا بھی شامل تھا۔واضح رہے کہ رچرڈ اولسن محکمہ خارجہ سے 2016 میں ریٹائرہوگئے تھے، وہ 2012 سے 2015 تک پاکستان میں امریکا کے سفیر رہ چکے ہیں۔