ایران سے رہا ہونے والے پانچ امریکی دوحہ سے اپنے ملک روانہ

قطر(رم نیوز)ایران سے رہا ہونے والے پانچ امریکی دوحہ سے اپنے ملک روانہ ہوگئے ہیں۔قطر کے دارالحکومت دوحہ سے گذشتہ شب امریکہ جانے والا ایک طیارہ ایران کی حراست سے رہائی پانے والے پانچ امریکیوں کو لے کر روانہ ہو گیا۔ان کی رہائی امریکہ اورایران کے درمیان قطر کی ثالثی میں طے شدہ قیدیوں کے تبادلے کے تحت عمل میں آئی ہے۔

اس کے تحت بائیڈن انتظامیہ نے امریکہ میں قید پانچ ایرانیوں کو رہا کیا ہے۔پہلے ان پانچ امریکیوں کو قطر کے ایک طیارے کے ذریعے تہران سے دوحہ پہنچایا گیا تھا۔اس کے فوراً بعد ہی امریکہ اور ایران دونوں کو اس بات کی تصدیق کی گئی تھی کہ ایران کی جنوبی کوریا میں منجمد چھ ارب ڈالر کی رقم غیرمنجمد کرکے دوحہ میں بینک اکاؤنٹس میں منتقل کر دی گئی ہے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق امریکہ نے جن پانچ ایرانیوں کو رہا کرنا تھا، ان میں سے دو دوحہ پہنچ چکے ہیں۔تاہم ایرانی حکام کا کہنا تھا کہ امریکا میں رہائی پانے والے تین افراد ایران واپس نہیں آ رہے ہیں۔