سائفر کیس۔۔۔چیئرمین پی ٹی آئی کی سماعت ان کیمرہ ہوگی یا نہیں؟۔۔فیصلہ محفوظ کرلیاگیا

اسلام آباد(رم نیوز)سائفر کیس مین چیئرمین پی ٹی آئی کی ضمانت کی درخواست پر سماعت ان کیمرہ ہوگی یا نہیں اس پر فیصلہ محفوظ کرلیاگیا ہے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے دلائل کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا ہے۔

چیف جسٹس عامر فاروق نے درخواست ضمانت پر سماعت کی۔ پٹیشنر کی جانب سے بیرسٹر سلمان صفدر عدالت میں پیش ہوئے۔ سائفر کیس میں پراسیکیوٹر شاہ خاور ایڈووکیٹ بھی عدالت میں پیش ہوئے۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہاکہ صرف دو وکلا روسٹرم پر رکیں، یہ جیل سہولیات والا کیس نہیں ہے۔ بیرسٹر سلمان صفدر نے کہاکہ اس بات سے انکار نہیں کہ ٹرائل آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت ہو رہا ہے،اس کیس کے جیل ٹرائل کی وجہ سکیورٹی خدشات بتائے گئے ہیں۔ شاہ خاور نے استدعا کی کہ یہ دلائل کرلیں، جب میں دلائل دوں تو ان کیمرا پروسیڈنگ کرلیں۔

عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست ضمانت کی ان کیمرا پروسیڈنگ کی استدعا پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔گزشتہ سماعت پر عدالت نے ایف آئی اے کو نوٹس جاری کرتے ہوئے دلائل طلب کئے تھے۔