جدہ(رم نیوز )سعودی عرب نے اہم قدم اٹھاتے ہوئے جوہری سرگرمیوں کو آئی اے ای اے کی کڑی نگرانی میں دینے پرغور شروع کردیا ہے۔
سعودی عرب کاکہنا ہے کہ اقوام متحدہ کے تحت جوہری توانائی کے نگران ادارے (آئی اے ای اے) کی جانب سے اپنی جوہری سرگرمیوں کی ہلکی پھلکی نگرانی ختم کرنے اور اس کے بجائے مکمل حفاظتی اقدامات پرعمل درآمد کا فیصلہ کیا ہے۔
سعودی وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان نے آئی اے ای اے کی سالانہ جنرل کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب نے حال ہی میں اپنے چھوٹی مقدار کے پروٹوکول کو منسوخ کرنے اور مکمل جامع حفاظتی اقدامات کے معاہدے پر عمل درآمد کا فیصلہ کیا ہے۔
سعودی عرب کا جوہری پروگرام ابھی نوزائیدہ ہے۔اسے وہ توسیع دینا چاہتا ہے اور اس میں بتدریج یورینیم کو افزودہ کرنے کی سرگرمیاں شامل کرنا چاہتا ہے۔
تاہم اس نے ابھی تک اپنے پہلے جوہری ری ایکٹر کو فعال نہیں کیا ہے۔آئی اے ای اے کے ڈائریکٹر جنرل رافیل گراسی درجنوں ممالک سے مطالبہ کررہے ہیں کہ وہ جوہری عدم پھیلاؤ کے عالمی نظام میں ترمیم کریں یا اسے منسوخ کردیں۔