"کم عمر ڈرائیور کو 2500 روپے ، ون ویلنگ کو 5 ہزار روپے" ۔۔۔۔ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر اب بھاری جرمانے ہوں گے

اسلام آباد(رم نیوز) ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر بھاری جرمانہ ہوگا ۔اسلام آباد میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر جرمانوں میں اضافہ کردیا گیا ہے۔وزارت داخلہ نے نئے عائد جرمانوں سے متعلق نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے اور اب کم سے کم جرمانہ 500 روپے ہوگا۔

ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق تیز رفتاری پرموٹر سائیکل سوار کو ایک ہزار روپے، کار کو 1500روپے، پبلک سروس گاڑی کو 2 ہزار روپے جبکہ مال برادر گاڑی کے ڈرائیور کو 2500 روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

ترجمان کاکہنا ہے کہ اب اسلام آباد میں گاڑیوں کے کالے شیشوں کے استعمال پر 1500 روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ جبکہ غیر ذمہ دارانہ ڈرائیونگ کرنے پر 2 ہزار روپے کا چالان ہو گا۔کم عمر ڈرائیور کو 2500 روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا جبکہ غیر قانونی پارکنگ پر ایک ہزار روپے کا چالان کٹے گا۔ اس کے علاوہ ون ویلنگ کرنے والوں کو 5 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔بغیر ڈرائیونگ لائسنس موٹر سائیکل چلانے پر ایک ہزار روپے، کار چلانے پر 2 ہزار روپے، پبلک سروس اور مال بردار گاڑی چلانے پر 8 ہزار روپے چالان کیا جائے گا۔