اردن نے شامی ڈرون مار گرائے

عمان(رم نیوز)اردن نے شامی ڈرون مار گرائے۔اردن کی فوج نے شام سے منشیات لے کر آنے والے دو ڈرون مار گرائے ہیں۔

اردنی فوج کاکہنا ہے کہ ڈرون اس کی حدود میں داخل ہوئے تھے اور ان پر کرسٹل میتھ ایمفیٹامین کی کھیپ لدی ہوئی تھی۔ اس نے خبردار کیا ہے کہ وہ ملک کی سلامتی کو غیر مستحکم کرنے کی کسی بھی کوشش کو روکنے کے لیے طاقت کے ساتھ کارروائی کرے گی۔

اردنی حکام کا کہنا ہے کہ منشیات، ہتھیاروں اور دھماکا خیز مواد لے جانے والے ڈرونز کے بڑھتے ہوئے استعمال نے سرحد پار اربوں ڈالر کی منشیات کی جنگ میں ایک نئی جہت کا اضافہ کیا ہے۔اردن نے نے جنوبی شام میں موجود ملیشیاؤں پر ڈرونز کے ذریعے منشیات کی اسمگلنگ کا الزام عائد کیا ہے۔

عرب حکومتوں اور مغرب کی جانب سے شام پر یہ الزام عاید کیا جاتا ہے کہ وہ انتہائی نشہ آور اور منافع بخش ایمفیٹامین اور دیگر منشیات تیار کرتا ہے اور اس کی اسمگلنگ کو منظم کرتا ہے، جس میں اردن ایک اہم راہداری روٹ ہے۔