نمیرا سلیم کی بڑی کامیابی۔۔۔پاکستانی خاتون نے خلا میں پہنچ کر تاریخ رقم کردی

واشنگٹن(رم نیوز) پاکستانی خاتون نمیرا سلیم نے خلا میں پہنچ کر بڑی کامیابی حاصل کرلی ہے۔ نمیرا سلیم گزشتہ دنوں امریکی کمپنی ورجن گیلیکٹک کمرشل سپیس لائنر سے خلا میں سفر کیلئے امریکہ پہنچی تھیں۔

ورجن گیلیکٹک کمرشل سپیس لائنر کا گلیکٹک 04 نامی مشن گزشتہ روز نیو میکسیکو کے اسپیس پورٹ سےروانہ ہوا تھا۔اس مشن پر نمیرا سلیم سمیت 3 سیاحوں نے سفر کیا جو کمپنی کے وی ایس ایس یونٹی اسپیس کرافٹ کے کیبن میں موجود تھے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل نمیرا سلیم 21 اپریل 2007 کو قطب شمالی اور 10جنوری 2008 کو قطب جنوبی میں پاکستان کا پرچم لہرا چکی ہیں۔نمیرا اس امریکی کمپنی کی خلائی سیاحت کیلئے ٹکٹ خریدنے والے 100 اولین افراد میں شامل ہیں۔انہوں نے 2006 میں ہی اس سفر کیلئے ٹکٹ بک کروالی تھی اور اب جا کر انہیں خلا میں جانے کا موقع ملا۔