برطانیہ میں فلسطین کا جھنڈا لہرانے پر سخت پابندی عائد

لندن(رم نیوز) برطانیہ میں فلسطین کا جھنڈا لہرانے پر سخت پابندی عائد کردی گئی ہے۔ اس سلسلے میں پولیس کو اسرائیل کے خلاف ہونے والے مظاہروں کو روکنے کا حکم دیاگیا ہے۔ برطانیہ کی سڑکوں پر فلسطین کے جھنڈے کو لہرانا جرم کے زمرے میں شامل کیا گیا ہے۔

برطانوی وزارت داخلہ نے اسرائیل کے خلاف مظاہروں کے پیش نظر مختلف اقدامات کر لیے اور پولیس کو اسرائیل کے خلاف ہونے والے مظاہروں کو زبردستی روکنے کا حکم دے دیا گیا۔ اس حوالے سے برطانوی وزیر داخلہ سویلا بریومین نے پولیس چیف کو خط لکھ دیا ہے ۔ گزشتہ روز شیفلڈ ٹاؤن ہال کی عمارت پر اسرائیلی جھنڈا اتار کر فلسطینی جھنڈا لہرانے کا برطانوی حکومت نے سخت نوٹس لیا اور پولیس نے اسرائیلی پرچم اتارنے کے واقعے کی تحقیقات شروع کر دیں ۔

برطانوی وزیر داخلہ سویلا بریومین نے کہا کہ حماس کے حق میں نعرے لگانے والوں پر پابندی پر غور کر رہے ہیں جب کہ اسرائیل کو صفحۂ ہستی سے مٹانے کے نعروں کو بھی جرم تصور کرنے کی تجویز ہے۔