لاہور(رم نیوز) سینئر اداکار عثمان پیرزادہ کاکہنا ہے کہ ثمینہ نے تیسری ملاقات میں شادی کی پیشکش کی تو میں حیران رہ گیا۔انہوں نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے کہاکہ ثمینہ نے تیسرے دن شادی کی پیشکش کی تو میں حیران رہ گیا۔سینیئر اداکار، پروڈیوسر و ہدایت کار عثمان پیرزادہ نے انکشاف کیا انہیں ان کی اہلیہ نے ملاقات کے تیسرے دن ہی شادی کی پیش کردی تھی اور ان دونوں کے تعلقات کو نصف صدی گزر چکی ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان میں ایسی خصوصیت ہے کہ وہ لوگوں کو دیکھ کر بتا سکتے ہیں کہ وہ کامیاب اداکار بن سکیں گے یا نہیں؟ان کے مطابق شوبز کے 90 فیصد لوگ فالتو ہوتے ہیں، تاہم انہوں نے کسی کا نام نہیں لیا۔شوبز کیریئر پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انہوں نے لاتعداد کردار ادا کیے لیکن کبھی ان پر کسی کردار کا برا یا اچھا اثر نہیں ہوا، وہ کردار کو شوٹنگ سیٹ پر ہی چھوڑ کر آتے تھے جب کہ ان کی اہلیہ کردار کو گھر لے آتی تھیں۔
ایک سوال کے جواب میں عثمان پیرزادہ نے بتایا کہ ان کا پہلا ڈرامہ 1968 میں پی ٹی وی پر نشر ہوا جب کہ ان کی اہلیہ ثمینہ سے پہلی ملاقات راولپنڈی ٹی وی سٹیشن پر ہوئی تھی۔سینیئر اداکار نے بتایا کہ ان کی سب سے بڑی اچیومنٹ ان کی دو صاحبزادیاں ہیں۔
عثمان پیرزادہ کے مطابق شادی کے 12 سال تک ان کے ہاں کوئی اولاد نہیں ہوئی تھی جب کہ تاخیر سے اولاد ہوئی تو ان کے ہاں بیٹی کی ولادت ہوئی۔انہوں نے بتایا کہ خوش قسمتی سے کچھ عرصے بعد ایک بار پھر ان کے ہاں دوسری بیٹی کی پیدائش ہوئی اور ان کی بھی خواہش تھی کہ ان کے ہاں صرف دو ہی بچے ہوں۔اداکار کا کہنا تھا کہ جب ان کے ہاں دونوں بیٹیاں ہوئیں تو لوگوں نے انہیں کہنا شروع کردیا کہ بیٹا بھی ہونا چاہیے، جس پر وہ لوگوں کو کہتے تھے کہ بیٹے کا کیا کرنا ہے؟