غزہ (رم نیوز) اسرائیل کی بربریت جاری ہے ۔غزہ میں شہدا کی مجموعی تعداد12ہزار سے تجاوزکرگئی ہے۔ اسرائیلی فورسز کی غزہ میں نہتے فلسطینیوں پر حملے جاری ہیں۔ صیہونی فوج کی جانب سے جنوبی غزہ پٹی کے خان یونس علاقے میں رہائشی عمارت پر حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں مزید 26 افراد شہید ہو گئے۔
اسرائیل نے جنوبی شہر خان یونس میں فلسطینیوں کو ایک تازہ انتباہ جاری کیا ہے کہ وہ مغربی علاقوں کی جانب منتقل ہو جائیں جہاں امداد فراہم کی جارہی ہے، اس انتباہ سے اشارہ ملتا ہے کہ غزہ کے شمالی علاقوں کو زیر کرنے کے بعد اسرائیل جنوبی غزہ میں حماس پر حملہ کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔
دوسری جانب شمالی غزہ کےکئی علاقوں میں اسرائیلی طیاروں کی شدید بمباری جاری ہے جہاں سکولوں، رہائشی عمارتوں اور اسپتالوں پر بم برسائے جارہے ہیں جبکہ اسرائیلی بمباری میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 12 ہزار سے زائد ہوگئی ہے۔غزہ میں مکمل کمیونیکیشن بلیک آؤٹ کے باعث اقوام متحدہ بھی غذا کی ترسیل سمیت اپنی دیگر امدادی سرگرمیاں روکنے پر مجبور ہو گیا ہے۔