اسلام آباد(رم نیوز)الیکشن کمیشن نے ایک اور اہم فیصلہ کیا ہے اور سیاسی جماعتوں کے لیے ضابطہ اخلاق تیارکرلیا ہے۔ عام انتخابات کے سلسلے میں سیاسی جماعتوں کے لیے ضابطہ اخلاق تیار کیاگیا ہے۔ الیکشن کمیشن کا انتخابی ضابطہ اخلاق الیکشن شیڈول کے ساتھ ہی جاری کرنے کا فیصلہ کیاگیاہے۔ الیکشن کمیشن نے ضابطہ اخلاق سیاسی جماعتوں کی مشاورت سے طے کیا ہے ۔الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعتوں کی تجاویز کو بھی ضابطہ اخلاق میں شامل کیا۔
ذرائع کے مطابق سیاسی جماعتیں، امیدوار نظریہ پاکستان اور پاکستان کی خود مختاری، سالمیت کے خلاف بات نہیں کریں گے۔سیاسی جماعتیں انتخابی مہم کے دوران الیکشن کمیشن کی تضحیک سے اجتناب کریں گے۔سیاسی جماعتیں، امیدوار کسی بھی دوسرے شخص کو بطور امیدوار دستبردار ہونے کے لیے تحائف، لالچ یا رشوت دینے سے گریز کریں گے اورسیاسی جماعتیں، امیدوار انتخابی عملہ اور پولنگ ایجنٹس کے تحفظ کے لیے سکیورٹی فورسز سے مکمل تعاون کریں گے۔
ذرائع کاکہنا ہے کہ سیاسی جماعتیں، امیدوار پولنگ کے دن تشدد کی ترغیب سے سختی سے اجتناب کریں گے۔انتخابی مہم کے دوران ہتھیار اور آتشیں اسلحہ کی نمائش پر مکمل پابندی ہو گی۔قومی اسمبلی کے امیدوار الیکشن میں 1 کروڑ روپے اورصوبائی اسمبلی کے امیدوار 40 لاکھ روپے سے زائد اخراجات نہیں کر سکیں گے۔