کراچی(ر م نیوز)ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کے لیے 65 کروڑ 88 لاکھ ڈالر قرض کی منظوری دے دی۔اے ڈی بی نے اپنے اعلامیے میں کہا ہے کہ قرض سے مختلف شعبوں میں 3 منصوبے مکمل کیے جائیں گے، امداد ٹیکس وصولی بڑھانے اور سیلاب متاثرہ سکولوں کی بحالی میں استعمال ہوگی۔ امداد زرعی پیداوار بڑھانے کے منصوبوں پر بھی خرچ ہوگی، 30 کروڑ ڈالر کے پروگرام کے ذریعے ٹیکس وصولی بڑھائی جائے گی۔ایشیائی ترقیاتی بینک کا کہنا ہے ٹیکس اصلاحات، حکومتی اخراجات میں کمی، سرمایہ کاری بڑھانے کے اقدامات کیے جائیں گے۔
سندھ میں سکولوں کی بحالی کے لیے ساڑھے 27 کروڑ ڈالر فراہم کیے جائیں گے، امداد ایشیائی ترقیاتی بینک کے سندھ میں سیلاب سے بحالی کے لیے 1.5 ارب ڈالر پروگرام کا حصہ ہے۔ امداد سے 1600 سکولوں کی تعمیر نو اور بحالی کی جائے گی، سندھ میں سیلاب متاثرہ اسکولوں کی بحالی کے منصوبے کے لیے 8 لاکھ ڈالر گرانٹ دی جائے گی۔
اے ڈی بی کے مطابق خیبر پختونخوا میں غذائی تحفظ کے منصوبے کے لیے 8 کروڑ ڈالر امداد دی جائے گی، خواتین کسانوں کو بیچوں کی صفائی اور زرعی کیمیکلز کے محفوظ استعمال کے لیے 30 لاکھ ڈالر امداد دیں گے۔