کیلیفورنیا(رم نیوز)آئی فون بنانے والی کمپنی ایپل کے مہنگا ترین "وژن پرو ہیڈسیٹ" کی فروخت کاآغاز ہوچکا ہے۔ تاہم اس سیٹ میں کچھ خاص باتیں ہیں جواسے دوسروں سے مختلف بناتی ہیں۔اس ہیڈ سیٹ کے بارے میں اسی وقت سے افواہیں شروع ہو گئی تھیں جب اس پر کام ہو رہا تھا۔ کمپنی نے جون 2023 میں اس کی رونمائی کی تھی۔
ایپل نے اعلان کیا تھا کہ وژن پرو میں 256 جی بی ڈیٹا کی گنجائش ہو گی اور انہوں نے واضح کیا کہ ہیڈ سیٹ کا آنکھوں کو ٹریک کرنے کا فیچر صرف ایک آنکھ پر بھی کام کر سکے گا۔دلچسپ بات یہ ہے کہ کمپنی کوشش کر رہی ہے کہ اپنے ہیڈ سیٹ کو مارکیٹ میں موجود دیگر ہیڈ سیٹ سے منفرد رکھے۔ اس بارے میں کمپنی حکام کاکہنا ہے کہ اپنی ایپس سے ملنے والے تجربے کو آپ آگمنٹڈ ریئیلٹی، ورچول ریئیلٹی، ایکسٹینڈٹ ریئیلٹی یا مکسڈ ریئیلٹی نہ کہیں۔
ورچوئل ریئیلٹی میں انسان کو ایسے ماحول میں لے کر جایا جاتا ہے جو ڈیجیٹل ہوتا ہے اور حقیقت پر مبنی نہیں ہوتا جبکہ آگمنٹڈ ریئیلٹی میں ماحول حقیقت والا ہوتا ہے لیکن ڈیجیٹل مواد اس کا حصہ محسوس ہوتا ہے۔ایپل نے ایک پراڈکٹ کا ٹریلر بھی انٹرنیٹ پر شائع کیا ہے جس میں فلمی اداکاروں کو مختلف گوگلز اور ہیلمٹ پہنتے ہوئے دکھایا جاتا ہے اور اس کے فوراً بعد ایک خاتون کو وژن پرو پہنتے ہوئے دکھایا جاتا ہے۔