اسلام آباد(رم نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹر گوہر کاکہنا ہے کہ آج جمہوری تاریخ کا اہم دن ہے۔انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ آج جمہوری تاریخ کا اہم دن ہے۔ ان کاکہنا تھا کہ گذشتہ دو سال سے پی ٹی آئی مشکلات سے گزری ہے۔ الیکشن پر امن طریقے سے اختتام پذیر ہوئے ۔
انہوں نے کہاکہ نومبر میں ہماری الیکشن کمیشن کے ساتھ میٹنگ ہوئی تھی۔ قانونی تقاضہ ہے کہ الیکشن کمیشن دوبجے تک نتائج ڈکلیئرکرے۔اس بار پولنگ کے وقت میں اضافہ نہیں کیاگیا۔الیکشن کمیشن فوری طور پر تمام نتائج کا اعلان کرے۔ صبح دس بجے تک تمام نتائج کا اعلان ہوجانا چاہئے تھا۔ہمیں لیول پلیئنگ فیلڈ دینے کاکہاگیا تھا۔
ان کاکہنا تھا کہ وثوق سے کہتا ہوں فارم45 کے مطابق اس وقت پی ٹی آئی کو 170 سیٹوں کی برتری حاصل ہوچکی ہے۔ خیبر پختونخوا کی 45 سیٹوں میں سے 39 جیت چکے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ خیبر پختونخوا میں ہمارے پاس دو تہائی اکثریت آچکی ہے۔ پنجاب میں بھی ہماری اکثریت ہے۔ کامیابی پر پوری قوم کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔کل ایک شخص خود کو وزیر اعظم سمجھ رہا تھا۔
نواز شریف کے پاس 50 سیٹوں کی بھی اکثریت نہیں ہے۔رزلٹ کے مطابق ہم اکثریت لینے میں بہت قریب پہنچ چکے ہیں۔ہم جیت کو پنجاب کی عوام کے نام کرتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ پنجاب کو عوامی وزیر اعلی ملنے جارہا ہے۔ہم وفاق اور کے پی میں حکومت بنائیں گے۔ ہم پنجاب میں بھی حکومت بنائیں گے ۔
170 میں سے ہماری 94 سیٹیں وہ ہیں جو الیکشن کمیشن بھی مان رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ووٹر کا آئینی وقانونی حق ہے کہ وہ پر امن احتجاج کریں۔رات12 بجے تک رزلٹ جاری نہ ہوئے تو کل احتجاج کریں گے۔