نیویارک(رم نیوز) دنیا کے خوش ترین ممالک کی نئی درجہ بندی میں کل 143 ممالک میں پاکستان کو 108 ویں نمبر پر شمار کیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق پاکستانی قوم خطے میں بھارتی، سری لنکن، افغانی اور بنگلہ دیشی عوام کی نسبت زیادہ خوش ہیں۔اقوام متحدہ کی ایجنسی کی جانب سے جاری ہونے والی تازہ رپورٹ میں فن لینڈ کو دنیا کا خوش و خرم ترین ملک قرار دیا گیا ہے۔ اس فہرست میں پاکستان نے بھارت کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
ہر سال 20 مارچ کو خوشی کے عالمی دن کے موقع پر جاری کی جانے والی یہ رپورٹ اقوام متحدہ کے سسٹین ایبل ڈویلپمنٹ سولیوشن نیٹ ورک، گیلپ اور آکسفورڈ ویل بینگ ریسرچ سینٹر سمیت متعدد اداروں کے درمیان شراکت داری ہے۔اس سالانہ رپورٹ میں دنیا بھر کے 143 ممالک میں عالمی خوشی کی درجہ بندی کی گئی ہے۔
فہرست کے مطابق ایران 100 ویں، میانمار118ویں، بھارت 126ویں، مصر 127 ویں، سری لنکا 128 ویں اور بنگلہ دیش 129 ویں نمبرپرہے، 2024 کی فہرست میں سب سے نیچے افغانستان تھا جسے ایک بارپھر دنیا کا سب سے کم خوش حال ملک قرار دیا گیا ہے۔گزشتہ سال امریکہ 15 ویں نمبر پر تھا جو 2024 میں 23 ویں نمبر پرآچکا ہے، حتیٰ کہ کوسٹا ریکا اور لیتھوانیا جیسے ممالک بھی امریکہ کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ٹاپ 20 کی فہرست میں شامل ہوئے ہیں۔
اس سال ایک بڑی حیرت کی بات یہ ہے کہ حماس کے ساتھ جنگ کے باوجود اسرائیل پانچویں نمبر پر آگیا ہے۔ لیکن رپورٹ کے مصنفین کے مطابق یہ درجہ بندی 3 سال کی اوسط پر مبنی ہے، جو اعداد و شمار کو کم کر سکتی ہے. اسرائیل 2022 سے خوش ترین ممالک کے ٹاپ 10 میں شامل ہے۔