کراچی (رم نیوز)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے پنوعاقل سے بچے کے اغوا کا نوٹس لے لیا۔ پولیس کو بچے کو فوری بازیاب کر کے رپورٹ جمع کروانے کا حکم جاری کیاہے۔ صوبائی وزیر اعلیٰ نے آئی جی پولیس سے سوال کرتے ہوئے کہا کہ جب ڈاکو گھر میں گھسے تو علاقے کی پولیس کہاں تھی؟، میں نے کئی مرتبہ ہدایات دی ہیں کہ پیٹرولنگ بڑھائی جائے۔
ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ نے آئی جی پولیس سے واقعے کی تفصیلی رپورٹ طلب کرلی ہے اور ہدایات جاری کی ہی کہ جرائم کی روک تھام کے لیے پولیس روزانہ کی بنیاد پر سی ایم سیکریٹریٹ کو رپورٹ کرے۔ا س کے علاوہ انہوں نے پولیس پیٹرولنگ کو بہتر کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔سید مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ عوام کی جان اور مال کی حفاظت حکومت کا فرض ہے۔
دریں اثنا وزیراعلیٰ سندھ نے پولیس کو کچے میں بھی آپریشن مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔واضح رہے سندھ کے ضلع سکھر کے علاقے پنوعاقل میں ڈاکوؤں نے ایک گھر میں گھس کر ڈکیتی کی واردات انجام دی اور جاتے ہوئے 7 سالہ بچے کو بھی اغوا کرکے اپنے ساتھ لے گئے۔