بھارت، عام انتخابات میں حکمران اتحاد کوبرتری

نئی دہلی(رم نیوز) بھارت میں عام انتخابات میں حکمران اتحاد کوبرتری حاصل ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق حکمران جماعت بی جے پی سادہ اکثریت حاصل کرنے میں ناکام ہوگئی تاہم اتحادیوں کے ساتھ مل کر حکومت سازی کیلئے آج کوششوں کا آغاز کرے گی جبکہ 10 برس بعد غیرمعمولی نشستیں جیت کر بھارت کی اپوزیشن جماعت کانگریس نریندر مودی سمیت حکمرن اتحاد کیلئے پھر سے ڈراؤنا خواب بن گئی ہے۔

بھارت کے سابق حکمران اتحاد نیشنل ڈیموکریٹک الائنس کی میٹنگ آج ہوگی جس میں بی جے پی نریندر مودی کو تیسری بار وزیراعظم نامزد کرانے کی کوشش کرے گی۔

خبر رساں ایجنسی کے مطابق ماہرین نے الیکشن میں مودی کی بھاری اکثریت سے کامیابی کی پیشگوئی کی تھی لیکن اس کے برعکس ایک دہائی میں پہلی بار بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو شدید دھچکا لگا ہے اور کانگریس کی زیر قیادت اپوزیشن اتحاد ’انڈیا‘ نے الیکشن میں بڑی تعداد میں نشستیں حاصل کیں۔

مودی کی بھارتیہ جنتا پارٹی نے 2014 کے انتخابات میں سادہ اکثریت حاصل کی اور پھر 2019 میں اس سے کہیں زیادہ بہتر کارکردگی دکھاتے ہوئے بھاری اکثریت حاصل کی تھی جس کی بدولت ان کی جماعت کو یکطرفہ بنیادوں پر فیصلے کرنے بڑی مدد ملی۔