'جی ایس ایم اے ڈیجیٹل نیشن سمٹ' کا آج انعقاد

اسلام آباد (رم نیوز) 'جی ایس ایم اے ڈیجیٹل نیشن سمٹ' کا آج انعقاد ہوگا۔ اس بارے میں وزیر مملکت برائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ کی زیرصدارت وزارت آئی ٹی کے کمیٹی روم میں اجلاس کا انعقاد ہوا۔اجلاس میں سیکرٹری آئی ٹی کیپٹن (ریٹائرڈ ) محمد محمود ، ہیڈ اے پی اے سی، جی ایس ایم اے جولیئن گورمین اور جی ایس ایم اے کنٹری لیڈ سائرہ فیصل بھی موجود تھی۔

اجلاس کو جی ایس ایم ڈیجیٹل نیشن سمٹ کے اہداف اور متوقع نتائج کے بارے میں بریف کیا گیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے آئی ٹی شزہ فاطمہ نے کہا ڈیجیٹل نیشن سمٹ ہمارے ڈیجیٹل پاکستان کی جانب سفر میں ایک اہم سنگ میل، حکومت چاہتی ہے کہ پاکستان نالج اکانومی بنے جس میں ٹیکنالوجی اور انوویشن کے ذریعے معاشی ترقی اور گورننس میں بہتری آئے، ڈیجیٹل منتقلی ملکی ترقی کے لیئے بہت اہم ہے۔ انہوں نے کہا ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز کے ذریعے ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکتا ہے، موجودہ حکومت ڈیجیٹل انوویشن اور انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ کے لیئے کوشاں ہے، ڈیجیٹل نیشن سمٹ کا انعقاد ڈیجیٹل فیوچر کے لیئے ہمارے مشترکہ عزم کا ثبوت ہے۔

ایڈیشنل سیکرٹری وزارت آئی ٹی عائشہ حمیرا موریانی، ممبر ٹیلی کام محمد جہانزیب رحیم، ڈی جی انٹرنیشنل کوآرڈینیشن سید جواد علی شیرازی، صدر و گروپ سی ای او پی ٹی سی ایل و یو فون حاتم بامطرف، سی ای او جاز عامر ابراہیم اور دوسرے ٹیلی کام انڈسٹری کے نمائندوں نے اجلاس میں شرکت کی۔

اس بارے میں شزہ فاطمہ نے کہا کہ ڈیجیٹل تبدیلی صرف ایک مقصد نہیں ہے، کیونکہ یہ ہماری قوم کی ترقی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز کو اپنا کر، ہم پیداواری صلاحیت کو بڑھا سکتے ہیں، جدت کو فروغ دے سکتے ہیں اور جامع ترقی کو یقینی بنا سکتے ہیں۔ان کاکہنا تھا کہ موجودہ حکومت ڈیجیٹل اختراعات اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی کی حمایت کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔ جی ایس ایم اے ڈیجیٹل نیشن سمٹ ڈیجیٹل مستقبل کے لیے ہمارے اجتماعی عزم کا ثبوت ہے۔