ٹی 20 ورلڈکپ۔۔۔۔ویسٹ انڈیز نےکیویز کو 13 رنز سے شکست دے دی

تاروبا(رم نیوز)ٹی 20 ورلڈکپ میں ویسٹ انڈیز نےکیویز کو 13 رنز سے شکست دے دی۔ امریکہ اور ویسٹ انڈیز کی میزبانی میں ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ کے 26 ویں میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر میزبان ویسٹ انڈیز کو بیٹنگ کرنے کی دعوت دی، دونوں ٹیمیں برائن لارا کرکٹ سٹیڈیم میں مدمقابل تھیں۔

میزبان ویسٹ انڈیز نے نیوزی لینڈ کی دعوت پر بیٹنگ کا آغاز کیا جو اچھا ثابت نہ ہوا، اوپنر جونسن چارلس بغیر کھاتہ کھولے ٹرینٹ بولٹ کی گیند پر بولڈ ہو گئے، ان کے بعد نکولس پورن، برینڈن کنگ کا ساتھ دینے آئے لیکن زیادہ دیر کریز پر موجود نہ رہ سکے اور 20 کے مجموعی سکور پر پویلین لوٹ گئے، میزبان ٹیم کی اگلے 10 رنز پر مزید 3 وکٹیں گر گئیں۔

چھٹے نمبر پر آنے والے شرفین رتھرفورڈ نے 30 کے مجموعی سکور پر کریز سنبھالی اور جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کا سکور 149 تک پہنچا دیا، انہوں نے 39 بالز پر 68 رنز کی شاندار اننگ کھیلی اور ناٹ آؤٹ رہے، نکولس پورن نے 17، عقیل حسین نے 15، آندرے رسل نے 14 جبکہ روماریو شیفرڈ نے 13 رنز بنائے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹرینٹ بولٹ نے بہترین باؤلنگ کرتے ہوئے 4 اوورز میں 16 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، ٹم ساؤتھی اور لوکی فرگوسن نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ جمی نیشم اور مچل سینٹنر نے ایک ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔