کبھی کوئی فیصلہ غصے میں نہیں کرتے، سلیکشن کمیٹی میں جس نے غلط فیصلے اور غلط سلیکشن کی ان کا احتساب ہوگا:محسن نقوی

لاہور(رم نیوز) چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کاکہنا ہے کہ کبھی کوئی فیصلہ غصے میں نہیں کرتے، جلد بازی کے فیصلے اکثرنقصان دیتے ہیں۔ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ کبھی کوئی فیصلہ غصے میں نہیں کرتے۔، جلد بازی کے فیصلے اکثرنقصان دیتے ہیں۔

ان کامزید کہنا تھا کہ ہیڈ کوچ گیری کرسٹن نے رپورٹ جمع کرادی ہے۔ رپورٹ میں ورلڈ کپ میں کارکردگی سے متعلق تفصیلی فیصلہ بتایاگیا ہے۔ سابق بہترین کھلاڑیوں سے رابطے میں ہوں۔ سابق کھلاڑیوں سے کرکٹ کی بہتری کے لیے مشورے لے رہے ہیں۔ ان سابق کرکٹرز کے ساتھ رابطے میں ہوں جو کرکٹ کو بہتر کرنا جانتے ہیں۔ ان کو لایا جائے گا جو صرف کمنٹری کرتے ہیں،تجزیہ پیش نہیں کرتے۔ مجھےآئے ہوئے چار ماہ ہوئے ہیں، یہاں آوے کا آوے ہی بگڑا ہوا ہے۔

ٹویٹس دیکھ کر فیصلے نہیں کرتا۔پی سی بی ٹویٹر سے چلا ہے نہ ہی چلنے دوں گا۔ پی سی بی یا میرے خلاف روزانہ چار چار ٹویٹس کریں کوئی فرق نہیں پڑتا۔ پی سی بی کے اندر معاملات بہتر کرنا ایک چیلنج ہے۔ مجھے چیلنجز لینے کا شوق ہے،آئندہ بہترین کام ہوں گے۔ سب سے بڑا ٹارگٹ یہ ہے کہ قومی ٹیم کی منفی کارکردگی کوبہتر کیسے بنایا جائے۔ جس دن میں پریشر میں آیا بہتر سمجھوں گا کہ گھر چلا جائوں۔

کرکٹ اور پی سی بی کو بہتر بنانے کی کوشش کررہا ہوں۔بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز کی میزبانی لاہور میں ممکن نہیں ہے۔ سلیکشن کمیٹی میں جس نے غلط فیصلے اور غلط سلیکشن کی ان کا احتساب ہوگا۔ بابر اعظم کو تبدیل کرنے سے متعلق ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا ہے ۔