محرم میں سوشل میڈیا ایپس بند کرنے کی درخواست مسترد

اسلام آباد (رم نیوز) محرم میں سوشل میڈیا ایپس بند کرنے کی درخواست مسترد کردی گئی ہے۔ ذرائع وزارت داخلہ کاکہنا ہے کہ فیس بک، ٹک ٹاک، واٹس ایپ سمیت دیگر سوشل میڈیا اپلیکیشن بند نہیں ہوں گی۔ذرائع وزارت داخلہ کے مطابق محرم الحرام میں سکیورٹی کو فول پروف بنایا جائے گا، مختلف صوبوں کی طرف سے 6 ایپلیکیشنز کو 6 سے 11 محرم تک بند رکھنے کی درخواست کی گئی تھی۔

ذرائع وزارت داخلہ کا کہنا تھا کہ سکیورٹی کو مزید فعال اور موثر بنایا جائے، موبائل سگنلز بھی ان جگہوں پر بند ہوں گے، جہاں جلوس اور مجالس ہوں گی۔واضح رہے کہ حکومت پنجاب نے مذہبی انتہا پسندی سے بچنے کے لیے 6 سے 11 محرم تک صوبے میں سوشل میڈیا کے تمام پلیٹ فارمز بند رکھنے کا فیصلہ تھا ۔محکمہ داخلہ کی جانب سے خط میں کہا گیا تھا کہ پنجاب میں 6 سے 11 محرم تک سوشل میڈیا فورمز بند رکھے جائیں، فیس بک، انسٹا گرام، واٹس ایپ، یو ٹیوب، ایکس، ٹک ٹاک اور دیگر بند رکھے جائیں تاکہ مذہبی انتہا پسندی سے بچا جا سکے۔