مون سون بارشوں کی انٹری۔۔۔کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش سے موسم خوشگوار

لاہور، اسلام آباد، کراچی (رم نیوز) ملک بھر میں بارشوں کی وجہ سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔ اسلام آباد، راولپنڈی، ایبٹ آباد، مالاکنڈ، بٹ گرام اور مظفرآباد میں موسلا دھاربارش سے شہریوں کے چہرے کھل اٹھے جبکہ پشاور، اٹک، صوابی، ہری پور، شانگلہ، اٹک میں بھی بھرپور بادل برسے۔

شہر قائد کراچی میں بھی مون سون بارشوں نے رنگ جما دیا، نیا ناظم آباد، نارتھ ناظم آباد، شارع فیصل پر تیز بارش، سرجانی، گلشن حدید، گلشن معمار، کیماڑی میں بادل جم کر برسے جبکہ کراچی سمیت سندھ کے ساحلی علاقوں میں ابھی بھی کالی گھٹائیں چھائی ہوئی ہیں اور بادل برسنے کیلئے تیار ہیں۔

کراچی میں شدید بارش کے باعث کے الیکٹرک کے 150سے زائد فیڈر ٹرپ کر گئے، گلشن اقبال، گارڈن، ایف بی آر، ملیر میں بجلی بند رہی جبکہ حیدر آباد، ٹھٹھہ اور تھر پارکر میں بھی موسلا دھار بارش ہوئی، ننگر پارکر میں آسمانی بجلی گرنے سے خاتون سمیت 2 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

ادھر محکمہ موسمیات نے پنجاب بھر میں آج سے 15 جولائی تک مون سون بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔محکمہ موسمیات کےمطابق آج سے بحیرہ عرب سےمون سون ہوائیں ملک میں داخل ہوں گی۔