وفاقی کابینہ نے پی ڈبلیو ڈی کا محکمہ ختم کرنے کی باضابطہ منظوری دے دی

اسلام آباد(رم نیوز)وفاقی کابینہ نے پی ڈبلیو ڈی کا محکمہ ختم کرنے کی باضابطہ منظوری دے دی۔ وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت کابینہ کا اجلاس ہوا ۔ اجلاس میں وفاقی کابینہ معاشی صورتحال سمیت 11 نکاتی ایجنڈے پر غور ہوا۔

اس اجلاس میں وفاقی کابینہ نے پی ڈبلیو ڈی کا محکمہ ختم کرنے کی باضابطہ منظوری دے دی۔وفاقی کابینہ میں وزارتوں اور محکموں کو ختم کرنے کا پلان پیش کیاگیا۔ کابینہ اجلاس میں وزارتوں میں رائٹ سائزنگ اور ڈائون سائزنگ سے متعلق امور پرغور کیاگیا۔

وزیر اعظم نے سخت معاشی حالات میں کفایت شعاری پلان پر کام تیز کرنے کی ہدایت کی ۔ انسٹی ٹیوشنل ریفارمز سیل نے رائٹ سائزنگ پر رپورٹ پیش کردی۔ 5 وفاقی وزارتوں سے کمیٹی کی سفارشات کابینہ اجلاس میں پیش کی گئیں۔ اس میں وزارت آئی ٹی ، کشمیر افیئر ،وزارت سیفران، صنعت وپیداوار اور وزارت ہیلتھ سروسز شامل ہیں۔