پنجاب حکومت کے مزدوروں کی فلاح و بہبود کے لیے اہم فیصلے

لاہور(رم نیوز)پنجاب حکومت نے مزدوروں کی فلاح وبہبود کے لیے اہم فیصلے کیے ہیں۔ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت اجلا س ہوا ، اس اجلا س میں مزدوروں کی فلاح وبہبود کے لیے اہم فیصلے کئے گئے۔

اجلاس میں وزیر اعلی پنجاب مریم نواز نے ٹیکسلا اور سندر لیبر کالونیوں میں مزدوروں کے لیے 1224 فلیٹس بلاقیمت دینے کا اعلان کیا۔ انہوں نے مزدوروں کے لیے 6 ارب روپے کی واجب الادا ڈیتھ اور میرج گرانٹ ادا کرنے کا حکم بھی جاری کیا۔ گزشتہ دورِ حکومت میں 29 ہزار سے زائد ورکرز کو ڈیتھ اور میرج گرانٹ ادا نہیں کی گئی تھی۔ گارمنٹ سٹی میں خواتین ورکرز کے لیے 2 ہوسٹل بنانے کی منظوری بھی دی گئی، جس کے تحت شیخوپورہ میں 704 خواتین ورکرز کو مفت رہائش فراہم کی جائے گی۔

مریم نواز کا اس موقع پر کہناتھا کہ پنجاب حکومت نے رواں بجٹ میں کم از کم اجرت 37 ہزار روپے مقرر کی ہے۔ پنجاب کے ہر مزدور کے حقوق کا تحفظ ہماری ذمے داری ہے۔